یلاپور:16؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلع میں دو مرحلوں میں گرام پنچایت انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں جن میں سےپہلے مرحلے کے پرچہ نامزدگی داخلہ کی کارروائی مکمل ہوگئی ہے تو دوسرے مرحلے کے پرچہ نامزدگی کاکام جاری ہے۔ انتخابات میں ہرایک شہری کا اولین فرض بنتاہے کہ وہ اپنی رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط ومستحکم کرے۔ ان خیالات کا اظہار اترکنڑا ضلع ڈی سی ڈاکٹر ہریش کمار نے کیا۔
ڈی سی نےکہاکہ پیسہ، لالچ، شراب وغیرہ کےجھانسے میں آئے بغیر بہترین امیدوار وں کو منتخب کرنےمیں عوام کا ایک ایک ووٹ بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ کچھ جگہوں سے انتخابات کے بائیکاٹ کی خبریں مل رہی ہیں دراصل یہ جمہوری نظام میں اچھی روایت نہیں مانی جائے گی۔ عوام اپنی ضروریات عوامی نمائندوں اور افسران سے بات چیت کرکے حاصل کرسکتےہیں۔ اس کے بجائے الیکشن کا بائیکاٹ جمہوری نظام کےمطابق صحیح نہیں ہے۔
شہر کے تحصیلدار دفتر میں گرام پنچایت انتخابات کے متعلق منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جو بھی امیدوار انتخابی میدان میں ہے اس کے لئے لازمی ہے کہ وہ کسی بھی سیاسی پارٹی کا نشان، جھنڈا وغیرہ کا استعمال نہ کرے۔ کورونا وائرس کے چلتے تشہیری مہم بھی اسی کے مطابق کرنی ہے۔ رائے دہندگان میں سے کوئی کووڈ سے متاثرہے تو انہیں بھی اپنے حق کا استعمال کرنے کا انتظام کیاگیا ہے۔
انتخابات کے پیش نظر قانونی نظام کو سخت کیاگیا ہے، ایکسائز محکمہ بھی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے متحرک ہے۔ پچھلے انتخابات میں جن مقامات کو حساس اور شدید حساس کے طورپر قرار دیا گیا تھا اسی کو جاری رکھا گیا ہے، امیدوار کی حتمی فہرست شائع ہونے کے بعد حالات کے مطابق تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔ چونکہ بیالٹ پیپر سے انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں میڈیا کے ذریعے عوام کو کافی معلومات بہم پہنچائی جارہی ہے اس تعلق سےمزید کوئی جانکاری چاہئے تو اے سی یا تحصیلدار سے رابطہ کرتےہوئے حاصل کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر تحصیلدار گنپتی شاستری، تعلقہ پنچایت افسر جگدیش کمار، پی ایس آئی منجوناتھ گوڈر، ایکسائز انسپکٹر وشوناتھ بھٹ، چیف آفیسر ارون نائک، صحت عامہ کے تعلیمی افسر ایس ٹی بھٹ وغیرہ موجود تھے۔